شاہد آفریدی نے پاک بھارت کرکٹرز کی دوستی پر گمبھیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

shahid afridi

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاک بھارت کرکٹرز کی دوستی پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

شاہد آفریدی نے سابق بھارتی کرکٹر کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میدان سے باہر بھی کرکٹرز کی زندگی ہوتی ہے لیکن وہ ساتھ ساتھ قوم کے سفیر بھی ہوتے ہیں، اس لیے انہیں دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں احترام دینے کا طریقہ سیکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ میں گوتم سے مختلف سوچتا ہوں، ہم کرکٹرز ہیں اور دنیا بھر میں ہمارے مداح ہیں، اس لیے اپنی دوستی سے مثبت پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے، ہاں میدان پر جارحیت ہے لیکن میدان سے باہر بھی زندگی ہے۔

کھلاڑیوں کو آنکھوں میں غصے کے ساتھ دیکھنا چاہیے، گوتم گمبھیر

قبل ازیں ایشیاکپ کے دوران پاکستان اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان دوستی دیکھ کر سابق اوپنر گوتم گمبھیر آگ بگولہ ہوگئے تھے، انہوں نے میچ کے دوران بارش کے وقت اسٹار اسپورٹس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ٹیم اسٹیڈیم میں 140 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کر رہی ہے، اسے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے دوستی نہیں نبھانی چاہیے۔

گوتم گمبھیر نے کہا کہ جب آپ اپنی قومی ٹیم کے لیے میدان میں کھیلتے ہیں، تو آپ کو دوستی کو باؤنڈری سے باہر چھوڑنا چاہیے، دونوں ٹیموں کے پلئیرز کو جیت کیلئے ایک دوسرے سے لڑنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں