بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے 4 رکنی وفد کی ایشیا کپ کے میچز دیکھنے کیلئے پاکستان آمد کے ساتھ ہی پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں 19 سال بعد نئی تاریخ رقم ہوگئی، صدر بی سی سی آئی راجر بنی آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان آئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بھارت سے آئے بی سی سی آئی کے وفد کے اعزاز میں گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیے میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے بھی شرکت کی۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی تقریب میں صدر بی سی سی آئی روجر بنی، نائب صدر راجیو شکلا، ڈائریکٹر بی سی سی آئی یودھویرسنگھ اور سیکرٹری ٹو نائب صدر محمد اکرم نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان، افغانستان، سری لنکا اور بنگلادیش کے کرکٹرز بھی موجود تھے۔
ایشیا کپ سپر 4 مرحلہ: پاک بھارت میچ ہر صورت کروانے کا فیصلہ
نائب صدر راجیو شکلا کا عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ کئی بار لاہور آئے ہیں، یہاں کی مہمان نوازی، لوگوں کا پیار آپ کو حیران کر دیتا ہے۔ کرکٹ لوگوں کو قریب لاتی ہے۔ ایشیا کپ نے مجھے یہ موقع دیا کہ ایک بار پھر لاہور کا دورہ کروں۔
راجیو شکلا نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل دو ملکوں میں تعلقات قائم کرتا ہے، تمام پلیئر ہمارے ملک میں بھی مشہور ہیں۔ 2004 میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ 2004 اور 2006 کی سیریز بھارت پاکستان تعلقات کا سنہرا دور تھا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں جواہر لال نہرو بھی آئے تھے، یہاں کے گورنر ہاؤس میں میں واجپائی کے ساتھ بھی آ چکا ہوں۔
ذکا اشرف کا جے شاہ سے رابطہ، ایشیا کپ کے بقیہ مچیز پاکستان میں کرانے کی تجویز
اس موقع پر ذکاء اشرف نے گورنر ہاؤس میں ہونے والے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ محبت کا کھیل ہے۔ کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں محبت پھیلاتی ہے، آپ نے دیکھا کہ کینڈی میں پاک بھارت میچ کے بعد پاکستان اور بھارتی کھلاڑی بھائیوں کی طرح ملے۔
خیال رہے کہ بی سی سی آئی کا وفد 2 روزہ دورے پر پاکستان میں قیام پذیر ہے۔ بھارتی وفد ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے میں ہونے والے 5 اور 6 ستمبر کے میچز اسٹیڈیم میں دیکھے گا۔