ایشیا کپ کا سُپر فور مرحلہ، حسن علی نے شاداب خان سے میچ کا ٹکٹ مانگ لیا


پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر حسن علی نے لاہور میں ہونے والے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کیلئے نائب کپتان شاداب خان سے ٹکٹ مانگ لیے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شاداب خان نے قومی ٹیم کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کی۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ ‘ہم اپنا اگلا میچ لاہور میں کھیل رہے ہیں’۔

شاداب خان کا شائقین کرکٹ کو میچ دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ‘دنیا کو دکھائیں کہ ہمارے فینز کتنے پرجوش ہیں۔ اسٹیڈیم میں جذبے کے ساتھ اپنے جھنڈے لائیں۔’

اس حوالے سے قومی کرکٹر حسن علی نے شاداب خان کی ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے لاہور میں ہونے والے میچ کی ٹکٹ مانگ لی۔ حسن علی نے لکھا کہ ‘بھائی میں میچ دیکھنے آنا چاہتا ہوں، مجھے ایک ٹکٹ مل جائے گا پلیز’۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ کا پہلا مرحلہ اختتام کے قریب ہے، کل سری لنکا اور افغانستان کے میچ کے ساتھ ہی سپر فور مرحلے کا آغاز ہوجائے گا۔ اس سے قبل آج پہلے مرحلے میں بھارت اور نیپال کی ٹیمین ٹکرائیں گی۔

سپر فور مرحلے کے میچز 6 سے 15 ستمبر تک ہوں گے جبکہ 17 ستمبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل کولمبو میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں