نیویارک: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ای جی 5 امریکہ اور برطانیہ میں پھیلنے لگی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی خطرناک قسم سے مریضوں کی تعداد اور اموات بڑھ سکتی ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کورونا کی نئی قسم کے خطرات پر رپورٹ شائع کر رہا ہے۔
اس سے قبل بھارت میں بھی کورونا وائرس کی ایک اور قسم سامنے آئی ہے جسے ایرس کا نام دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹر میں اس قسم کے مریض رواں سال مئی میں سامنے آئے تھے تاہم جولائی تک اس کا پھیلاﺅ زیادہ نہیں ہوا تاہم حالیہ ہفتوں میں اس کے سینکڑوں مریض سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا عراق بھیجی گئی بھارتی دوا پر الرٹ جاری
مہاراشٹر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق جولائی کے اختتام تک ایرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 70 تک تھی جو اگست کے پہلے 6 دنوں میں 120 سے تجاوز کر گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرس کے متعلق زیادہ فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ اس لیے بھی زیادہ پھیل رہی ہے کیونکہ لوگوں میں ویکسی نیشن سے آنے والی امیونٹی کا وقت کے ساتھ اثر کم ہوتا جا رہا ہے۔