ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ یکم اگست تک جاری رہنے کا امکان

rain latest report

محکمہ موسمیات نے یکم اگست تک پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے شمالی علاقوں میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موجودہ بارشوں کی صورتحال پر نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے اجلاس کا انعقاد کیا،اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرمین این ڈی ایم اے نے کی۔

اس اجلاس میں محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم ایز اور دیگر محکموں کے حکام نے شرکت کی، اجلاس میں حالیہ بارشوں سے پیدا صورتحال، ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے حالیہ بارشوں کے بعد امداد و بحالی کے اقدامات کے بارے میں آگاہی دی گئی،شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم 81 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 77 فیصد تک بھر چکا ہے۔

اجلاس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے شاہدرہ پل کے قریب واقع دریائے راوی کی آبی گزرگاہ اور منگلا ڈیم کے بہاؤ کے راستے میں موجود تجاوزات کو ہٹانے کی تجویز دی گئی۔

قائم مقام چیئرمین نے متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی،انہوں نے مون سون کے ممکنہ خطرات کے بارے میں عوام الناس کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، ڈیرہ غازی خان،ملتان، بہاولپور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خانیوال،وہاڑی،بھکر، لیہ،میانوالی میں بارش جبکہ ڈیرہ غازی خان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،لاہور میں بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر بارش وقفے وقفے سے ہوتی رہے گی۔

پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں۔

طوفانی بارشوں سے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،بلوکی ہیڈ پر پانی کی آمد 58 ہزار 830 اور اخراج 42030 کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 387587 اور اخراج 387587 کیوسک ہے۔

تربیلہ چشمہ اور کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،دریائے ستلج میں درمیانے اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 84 ہزار 430 کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے،پنجاب ڈویژنل انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں