اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر بھارت کو انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دے دیا۔
دفترخارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بیان میں لائن آف کنٹرول عبور کرنے کی تیاری کا کہا گیا ہے۔ ہم بھارت کو انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: زلفی بخاری کا گھر سیل کر دیا گیا
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ جارحانہ بیان بازی علاقائی امن واستحکام کے لیے خطرہ ہے اور ایسے بیانات جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک ماحول کو غیرمستحکم کریں گے۔ بھارت کی جانب سے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات پہلا موقع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور انتخابی نتائج حاصل کرنے کے لیے ایسی بیان بازی کا رواج ختم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجگور میں لوگ سیلابی ریلے میں پھنس گئے
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ کشمیر بین الاقومی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔