حیدر رضوی کی آمد کراچی والوں کے لیے بڑی بات ہے، سینیٹر عتیق شیخ


اسلام آباد:  متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما میاں عتیق شیخ کا کہنا ہے کہ حیدرعباس رضوی کی وطن واپسی کراچی والوں کے لیے بڑی بات ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان واپس آ کر حیدرعباس رضوی نے ثابت کردیا ہے کہ ان کو ملک سے بہت محبت ہے۔ حیدر عباس رضوی نے کراچی  میں بہت کام کیے ہیں۔

پروگرام میں گفتگو کے دوران سینیٹرعتیق شیخ نے امید ظاہر کی کہ حیدر رضوی کے کراچی واپس آنے سے ایم کیو ایم کے سیاسی حالات بہتر ہو جائیں گے۔

انتخابات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ انتخابات بروقت ہوں۔ میڈیا کو بھی انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) سے متعلق ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ پی ایس پی ایک حقیقت ہے اور اسے بھی انتخابات لڑنے کا پورا حق حاصل ہے۔

جمعرات کی سہ پہر یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے پاکستان آنے والے حیدرعباس رضوی کینیڈا واپس جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں