قیامت تک کسی کو شہدا کی بیحرمتی کی جرات نہیں ہو گی، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قیامت تک کسی کو شہدا کی بیحرمتی کی جرات نہیں ہو گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ جس میں سرینگر ہائی وے پر سیونتھ ایونیو اوور ہیڈ برج کا افتتاح اور کیپٹن شیر خان شہید روڈ کی ازسرنو تعمیر کے منصوبے کا افتتاح شامل ہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سابقہ حکومت نے صرف قوم کا وقت ضائع کیا لیکن ہم نے گزشتہ حکومت کے روکے گئے منصوبوں کا آج افتتاح کر دیا۔ آئی جے پی روڈ کا نام کرنل شیر خان شہید روڈ رکھ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس سے خام تیل کا جہاز آچکا ہے اور یہ روسی تیل عالمی قیمت سے 15 ڈالر سستا ہے۔ روسی تیل خریدنے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: میئر کراچی کے انتخاب کا ضابطہ اخلاق جاری

شہباز شریف نے کہا کہ اب قیامت تک کسی کو شہدا کی بے حرمتی کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔ وہ قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنے شہدا کو یاد رکھتی ہیں۔ ملک میں معاشی استحکام ہو گا تو سیاسی استحکام آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کے لیے پچھلے بجٹ میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ کے لیے اعلان کیا تھا جو جولائی میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد یر ہونہار بچوں کو دیئے جائیں گے اس پر کسی قسم کی کوئی سفارش نہیں چلے گی جبکہ اگلے سال بھی لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان بچوں کے لیے ہم نے قرضے اور وضائف بھی رکھے ہیں جبکہ ہم انہیں ہنرمند بنائیں گے۔ نوجوان نسل پاکستان کو دوبارہ ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے اور تباہ کرنے کی پوری کوشش کی گئی۔


متعلقہ خبریں