پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آج اسلام آباد پولیس لائنز میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ ٹویٹ میں احتجاج کا اعلان کیا گیا۔ ٹویٹ کے مطابق آج دوپہر 2 بجے کارکنان کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون میں موجود پولیس لائنز کی عمارت کے باہر جمع ہونے کا کہا گیا ہے۔
آج دوپہر دو بجے اسلام آباد میں H-11 پولیس لائنز پر احتجاج کیا جائے گا! #ImranKhan
— PTI (@PTIofficial) May 11, 2023
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتاری کے بعد پولیس لائنز میں ہی رکھا گیا ہے۔
گزشتہ روز عمران خان کی وکلا ٹیم میں شامل ایک وکیل شیرعالم خان نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس لائنز کے اندر جہاں پر عارضی طور پر عدالت قائم کی گئی تھی وہاں پر پولیس کے بجائے فوجی اہلکاروں کی ایک قابل ذکر تعداد کو تعینات کیا گیا تھا۔
شیر عالم خان کے بقول عمران خان نے کمرہ عدالت میں انہیں بتایا کہ انہیں رات سونے نہیں دیا گیا اور ساری رات سڑکوں پر گھماتے رہے اور بعد ازں چار بجے کے قریب ایک گندے سے کمرے میں بند کر دیا گیا اور انہیں زمین پر بچھانے کیلئے کوئی چادر بھی نہیں دی۔