پاکستان کے وہ 6 خوبصورت مقامات جہاں ایک مرتبہ ضرور جانا چاہیے


اگر آپ سیاح ہیں اور گھومنے کے شوقین ہیں تو اس عید پر آپ شمالی علاقہ جات کا پلان ضرور بنا رہے ہوں گے، پاکستان کے یہ 6 مقامات ایسے ہیں جہاں زندگی میں ایک دفعہ آپ کے جانے کا دل ضرور چاہے گا۔

چندا ویلی

چندا ویلی گلگت بلتستان کے شہر اسکردو کے قریب واقع ایک وادی ہے جہاں قدرت نے حُسن کے تمام جلوے بکھیر رکھے ہیں۔ سطح سمندر سے 10 ہزار فِٹ کی بلندی پر موجود یہ ہری بھری وادی اب تک ایک غیر معروف سیاحتی مقام ہے جس کے باعث اس مقام پر سیاحوں کی بھیڑ بھاڑ بھی کم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں زندگی کا حسین ترین وقت گزارا جاسکتا ہے۔

وادی نلتر

گلگلت سے 40 کلو میٹر کی مسافت پر واقع یہ وادی اپنی رنگین جھیلوں کی وجہ سے کافی مشہور ہے۔ خزاں میں جب درختوں سے سنہری پتے جھڑتے ہیں تو یہ وادی جنت کا ٹکڑا معلوم ہونے لگتی ہے۔

گلگت سے ڈھائی گھنٹے کے فاصلے پر موجود یہ وادی اپنی رنگین جھیلوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں دنیا کا بہترین آلو بھی کاشت ہوتا ہے۔ چیڑ کے جنگلات سے گھری یہ وادی دنیا سے الگ تھلگ اور پُرسکون جگہ معلوم ہوتی ہے۔

راما میڈو

راما میڈو گلگت بلتستان کے ضلع استور سے 11 کلو میٹر کی مسافت پر واقع ہے جسے شمال کے خوبصورت ترین دیہات میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ یہاں کا کھلا سرسبز میدان، میدان میں نالیوں کی صورت بہتا ٹھنڈا برفیلا پانی، ارد گرد چیڑ کے لمبے سرسبز درخت اور چوٹی کے ساتھ ہی نانگا پربت کی جنوبی دیوار اور نیلے آسمان پر پہاڑ کی چوٹیوں کو چھوتے بادلوں کا منظر راما میڈو کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کردیتا ہے۔

وادی نیلم

آزاد کشمیر کی یہ خوبصورت وادی جسے وادی نیلم کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، مظفر آباد کے شمال اور شمال مشرق میں دریائے نیلم کے دونوں اطراف واقع ہے۔ یہ وادی مظفرآباد کے شمال کی جانب چہلہ بانڈی پل سے شروع ہو کر تاﺅ بٹ تک 240 کلومیٹر کی مسافت پر پھیلی ہوئی ہے۔

وادی نیلم کا شمار پاکستانی کشمیر کی خوبصورت ترین وادیوں میں ہوتا ہے جہاں دریا، صاف اور ٹھنڈے پانی کے بڑے بڑے نالے، چشمے، جنگلات اور سرسبز پہاڑ موجود ہیں۔

دیوسائی

دیوسائی دنیا کا سب سے بلند اور اپنی نوعیت کا واحد پہاڑی میدان ہے جو ہمالیہ کے سلسلے میں واقع ہے۔ اس مقام کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ اپنے کسی بھی مقام پر 4 ہزار میٹر سے کم بلند نہیں۔ سال کے 8 ماہ یہ مقام برف سے ڈھکا رہتا ہے مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ گرمیوں کے 4 ماہ میں اس ہموار میدانوں کی زمین پر جنگلی پھول کھل جاتے ہیں۔

شیوسر جھیل بھی دیوسائی کا ہی حصہ ہے جو دنیا کی بلند ترین جھیلوں میں شمار کی جاتی ہے۔ نیلے پانی، سرسبز گھانس اور برف پوش پہاڑیوں کے ساتھ یہ منفرد جھیل خوبصورتی میں بھی اپنی مثال آپ ہے۔

ہنزہ

وادی ہنزہ کا شمار پاکستان کی حسین ترین وادیوں میں ہوتا ہے جو گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔ اس حسین وادی کی انفرادیت یہ ہے کہ اسے بے شمار پہاڑوں اور دریاؤں نے چاروں طرف سے گھیر رکھا ہے جس سے اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔


متعلقہ خبریں