اجلاس نہ بلانے پر وزیراعلیٰ کیخلاف کارروائی نہیں بنتی، اعتزاز احسن

فائل فوٹو


اسلام آباد: معروف قانون دان اور پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اجلاس نہ بلانے پر وزیر اعلیٰ کے خلاف کارروائی نہیں بنتی۔

ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون اعتزاز احسن نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے مناسب وقت نہیں دیا اور اگر اسپیکر اسمبلی اجلاس نہیں بلاتا تو دیکھنا ہو گا کہ قصور کس کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسپیکر اجلاس نہیں بلاتا تو پھر اسپیکر کو پکڑیں اور ان کے خلاف عدالت جائیں اور اسمبلی اجلاس نہ بلانے پر وزیر اعلیٰ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں بنتی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جمعرات کو گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان

اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی نہیں کیا جاسکتا اور اس طرح تو یہ سندھ میں بھی کہہ سکتے ہیں کہ کل وزیر اعلیٰ اعتماد کا ووٹ لے لیں۔

صدر کے اختیار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر کے پاس بھی گورنر کو ہٹانے کا کوئی اختیار نہیں ہے اور صدر وزیر اعظم کے مشورے کے بغیر کوئی کام نہیں کر سکتے،

انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا آپشن انتہائی مضحکہ خیز ہے اور گورنر کے قصور وار اسپیکر اسمبلی ہیں وزیر اعلیٰ نہیں۔


متعلقہ خبریں