اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 709 میگاواٹ ہو گیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 191 میگا واٹ ہے جبکہ ملک میں بجلی کی طلب 27 ہزار 900 میگاواٹ ہے۔
اعداد و شمار کے تحت پانی سے 4 ہزار 528 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے اور سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 515 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 12 ہزار 8 میگاواٹ ہے۔ ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 609 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 121 میگاواٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں پھربڑھنے والی ہیں،اب مسئلہ پاکستان کی معاشی بقا کا ہے، شیخ رشید
بگاس سے چلنے والے پلانٹس 175 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ جوہری ایندھن سے ایک ہزار 235 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد ریجن میں بھی 6 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔