سردار تنویر الیاس بلامقابلہ وزیراعظم آزادکشمیر منتخب


مظفرآباد: تحریک انصاف کے وزارت عظمی کے امیدوار سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہو گئے اور انہوں نے حلف اٹھا لیا ہے۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودہری نے ان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

سردار تنویر الیاس کو 33 اراکین اسمبلی نے ووٹ دیئے۔ اسپیکر اسمبلی انوارالحق نے سردار تنویر الیاس کی کامیابی کا اعلان کیا۔

پاکستان تحریک انصاف  کی طرف سے سردار تنویر الیاس نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں سیکرٹری اسمبلی نے درست قرار دیا جس کے بعد سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:میرے آنے سے سابق وزیراعظم گھبرا گئے، شہباز شریف

یاد رہے گزشتہ ہفتہ عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔

عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد 25 پی ٹی آئی ممبران  کے دستخط کے ساتھ اسمبلی میں جمع کروائی گئی تھی، جس کے بعد 5 وزرا کو کابینہ سے برطرف کرنے کے بعد انہوں نے خود استعفی دے دیا تھا۔

مستعفی ہونے والے وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان گذشتہ سال جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد وزیراعظم منتخب ہوئے اور آٹھ ماہ سے زائد عرصہ اس خطے کے وزیراعظم رہے۔


متعلقہ خبریں