عدم اعتماد کی تحریک میں حزب اختلاف کو عبرتناک شکست ہوگی، مراد سعید


اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک میں حزب اختلاف کو عبرتناک شکست ہو گی۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کا ٹولہ اور ڈاکوؤں کا گلدستہ پھر ایک ساتھ ہو گئے ہیں اور حزب اختلاف والے ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں۔ عدم اعتماد کی تحریک میں حزب اختلاف کو عبرتناک شکست ہو گی اور یہ قوم کے سامنے پھر بے نقاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی بتا دیا تھا چور مفادات کے لیے ایک ساتھ ہوں گے۔ حزب اختلاف کا پہلے بیانیہ تھا کہ مہنگائی بڑھ گئی اور پھر مغرب پر تنقید کو بنیاد بنا لیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کر دی تو ان کو کمی پر تکلیف ہوئی۔

مراد سعید نے کہا کہ حزب اختلاف جواب دے چپڑاسیوں کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے ؟ عمران خان نے کہا دوستی سب سے کریں گے غلامی کسی کی نہیں کریں گے اور عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کو بتایا ڈرون حملوں سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے اور عمران خان نے ہی اسلامو فوبیا کے بارے میں بات کی جس کے بعد آج دنیا کے بڑے لیڈر اسلامو فوبیا کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد پراپوزیشن کے ساتھ اپریل فول منائیں گے، شیخ رشید

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ نواز شریف ذاتی کاروبار کے لیے بھارت گئے تو حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی اور آزاد کشمیر انتخابات میں حزب اختلاف کو شکست ہوئی جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گلگت بلتستان انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہم گرے لسٹ میں چلے گئے۔

مراد سعید نے کہا کہ پرچی چیئرمین بھی مارچ اور تقاریر کر رہے ہیں لیکن پرچی چیئرمین کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔ ان کے مہنگائی کے بیانیے کو بھی شکست ہو گی۔ 2028 میں یہ لوگ سر اٹھانے کے بھی قابل نہیں رہیں گے۔


متعلقہ خبریں