گرین لائن بس سروس مکمل طور پر فعال


کراچی کے شہریوں کا انتظار ختم ہوا، گرین لائن بس سروس کا آغاز ہوگیا، بس سروس اب دن میں 4 گھنٹے نہیں بلکہ 15 گھنٹے چلے گی۔

گرین لائن بس سروس کراچی کے شہریوں کو اب دن بھر سفری سہولت فراہم کرے گی، رپورٹ کے مطابق آزمائشی مدت پوری ہونے کے بعد گرین لائن بس سروس آج  سے مکمل طور پر فعال کردی گئی ہے، گرین لائن بس سروس محدود اوقات کار کے بجائے صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک سرجانی تا نمائش رواں دواں رہے گی۔

انتظامیہ کے مطابق گرین لائن بس سروس کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل  ہیں، 80 بسیں تمام اسٹیشنز پر اسٹاپ کریں گی۔ گرین لائن کے ٹکٹ اسٹیشنز پر ڈیبٹ کارڈز اور موبائل والٹ سے بھی ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں، اگلے مرحلے میں مصروف اسٹیشنز پر ٹیلر مشینیں بھی نصب ہوں گی جہاں سے شہری قطاروں میں لگے بغیر اپنے موبائل والٹ، بینک اکاؤنٹ یا نقد رقم دے کر ٹکٹ خرید سکیں گے۔

گرین لائن بس سروس کا آزمائشی آغاز 25 دسمبر سے کیا گیا تھا اور 11اسٹیشنز پر بس  میں سوار کیا جارہا تھا، تاہم اب مسافر تمام اسٹیشنزسے  بس  میں سوار ہوسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کا گرین لائن بس منصوبہ

کراچی میں ریپڈ ٹرانزٹ بس منصوبے کے تحت 5 روٹس کی منصوبہ بندی 2014 میں شروع کی گئی تھی اور پہلی گرین لائن کا تعمیراتی کام 2016 میں شروع ہوا تھا۔

2016 میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی 2 لائنز گرین لائن اور اورنج لائن کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا۔ ابتدائی منصوبے کے مطابق گرین لائن کا روٹ سرجانی ٹاون سے بزنس ریکاررڈ روڈ تک تھا اور منصوبے کو 6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کرنا تھا تاہم بعد ازاں منصوبے کے روٹ کو پہلے جامع کلاتھ اور پھر ٹاور تک بڑھا دیا گیا۔ اس طرح منصوبے کی لاگت بھی 27 ارب روپے سے بڑھ گئی۔

گرین لائن کے روٹ پر 22 اسٹاپس بنائے گئے ہیں اور ان بس اسٹاپس پر مسافروں کے لیے لفٹس، بزرگ اور خصوصی افراد کے لیے ویل چیئر ریمپ بنائے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں