کرپشن کے خلاف لڑتا ہوں،کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف لڑتے ہیں ان کی کسی سے ذاتی لڑائی نہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مغرب میں پیسہ نہیں چلتا، یہاں سینٹ میں لوگ بکتے ہیں،کرپشن کی وجہ  سے ہمارا مورال بری طرح  نیچے گرا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہیں  سب کہتے ہیں کہ آپ کیوں دو خاندانوں کے پیچھے پڑے رہتے ہیں  اور اپوزیشن لیڈر سے ہاتھ کیوں نہیں ملاتے؟ تو میں ان کو بتاناچاہتا ہوں کہ میری تو ماضی میں ان  سے دوستی تھی، ان سے اس لیے ہاتھ نہیں ملاتا کہ ان پر کرپشن کے کیسز ہیں،کرپٹ آدمی سے ہاتھ ملانے کامطلب کرپشن کو  تسلیم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی کرپشن کے خلاف جنگ ہے ، پاکستان میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے اسمبلی میں تقریریں کرتے ہیں،  انگلینڈ میں کرپٹ  آدمی اسمبلی نہیں جا سکتا۔

وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ ہمارے اور یورپ کے اقدار میں بہت فرق ہے،سینیٹ میں پیسے چلتے ہیں لوگ ادھر سے ادھر ہوجاتے ہیں،مغرب میں کوئی پیسے لے کر دوسری جماعت میں نہیں جاتا۔

وزیراعظم نے کہاکہ عالم کا بہت بڑا رتبہ ہوا کرتا ہے، دانشوروں اور اسکالرز کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دانشوروں کی اہمیت کم ہونے سے تہذیبیں زوال پذیر ہوجاتی ہیں۔

اسکالرز راستہ بھول جائیں تو معاشرے کو بہت نقصان ہوتا ہے،اسکالرز قوم کی رہنمائی کرتے ہیں، آج کے پاکستان میں اسکالرز کی بہت ضرورت ہے،وہ قوم کا قبلہ درست  اورنظریے کا تحفظ کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں افسوس ہوتا ہے کہ لوگوں کو آج تک اسلام کی تاریخ کا پتہ نہیں ہے،مولانا رومی نے کہا تھا کہ اللہ نے تمہیں پر دیئے ہیں تو تم کیوں چیونٹی کی طرح زمین پر رینگتے ہو۔

لوگوں سے اسلام کی تاریخ کا پوچھیں تو انہیں صرف جنگیں یاد ہوتی ہیں، آج بچوں کے موبائل میں وہ مواد موجود ہے جو پہلے کبھی تاریخ میں نہیں تھا۔

سوشل میڈیا پر غلط مواد دیکھتا ہوں تو پی ٹی اے کو بول کر بند کرادیتا ہوں، اگلے دن پھر وہ کسی اور ایپلی کیشن کے ذریعے آجا تاہے،ہم ایپلی کیشنز کو بند نہیں کرسکتے لیکن اپنے بچوں کی تربیت کرسکتے ہیں۔

جب قوم میں اچھے برے کی تمیز ختم ہوجائے تو وہ قوم مرجاتی ہے،نئی نسل کو درست سمت دینا اسکالرز کی ذمہ داری ہے۔

اسکالرز کا کام ہوتا ہے کہ و ہ معاشرے کی سمت درست کریں،مدینہ کی ریاست میں حضرت محمد ﷺنے تعلیم پر زور دیا، فلاحی ریاست بنائی،جو انسان حضرت محمد ﷺ کی سنت پر عمل کرےگا وہ اوپر چلا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ سیکس کرائم میں اضافہ ہورہا ہے،یہ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے،زینب کیس ہونے پر پورا معاشرہ کھڑا ہوگیا تھا لیکن آج اخباروں میں دیکھیں ایسی خبروں پر کوئی کھڑا نہیں ہوتا،اس کی وجہ یہ ہے کہ مسئلہ بہت زیادہ ہوگیا ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں