مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے امداد کی درخواست کی تھی۔ ہم سعودی حکومت اور ولی عہد کا رقم کی فراہمی کے اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وفاقی وزیرحماداظہر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیرخزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر منتقل کرے گا۔
شوکت ترین نے بتایا کہ سعودی عرب 1.2 ارب ڈالر موخر تیل کی ادائیگیوں کیلئے بھی فراہم کرے گا۔ گزشتہ شام کو سعودی وزیر خزانہ نے فراخدلانہ اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔
مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت میں روپے پر دباو ہے۔ سعودی عرب زرمبادلہ کے ذخائر کی بہتری کے لیے 3ارب ڈالر فراہم کرے گا۔ سعودی عرب پاکستان کو سپورٹ فنڈ بھی دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دے دیئے
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے ملنے والی امدادی رقم پاکستان کےلیے اہم ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کی مدد پرخوشی کا اظہارکیا۔
وفاقی وزیرحماداظہر نے کہا کہ چین سے لیکربنگلادیش تک دنیا میں ہرجگہ قیمتیں بڑھی ہیں۔ ہم پر دباو ڈالا جا رہا ہے کہ بہت ٹیکس چھوڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا معاشی مسائل کا شکار ہے۔ معاشی تیزی کیلئے اقدامات سے اثرات کھانے پینے اور دیگر اشیاپر مرتب ہوئے۔
دنیا بھر میں کھانے پینے اور انرجی مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھیں۔ غریب ہو یا امیر ملک ہر جگہ قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے کم تیل کی قیمتیں پاکستان میں ہیں۔ یورپ میں گیس کی قیمتیں 10 فیصد سے زائد بڑھی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس کی قیمتیں کنٹرول کی گئی ہیں۔ یوریا کھاد کی کی قیمتیں بھی نہیں بڑھنے دی گئیں۔ ہم 450ارب روپے کے تیل کی قیمتوں میں ریلیف دے چکے ہیں۔