پیانگ یانگ: امریکہ کی جانب سے جوہری پروگرام تلف کرنے کے بدلے تجارت کی پیشکش پر ردعمل میں شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ واشنگٹن سے تجارت نہیں کریں گے۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورت جوہری پروگرام ختم کرنے کے بدلے امریکا سے تجارت نہیں کریں گے۔ پیانگ یانگ نے کم جونگ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات منسوخ کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
شمالی کوریا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری پروگرام کے خاتمے کے اصرار پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات پر دوبارہ غور کرسکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس بیان پر ردعمل سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے موقف کا جائزہ لیں گے۔ شمالی اور جنوبی کوریا کے اعلیٰ سطحی مذاکرات کی منسوخی کی خبروں سے بھی بخوبی آگاہ ہیں۔
شمالی کوریا اورجنوبی کوریا کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی آئندہ ملاقات موخر کر دی گئی ہے۔
شمالی کورین سربراہ کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات کی ممکنہ منسوخی کے بارے میں امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نےملاقات منسوخ کرنے کےحوالے سے اطلاع نہیں دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کم جونگ ان اور ٹرمپ ملاقات کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات طے کیے گئے منصوبہ کے مطابق ہی ہو گی۔