ٹی 20ورلڈکپ: آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دے دی


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سپر 12 میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دے دی۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز ہی بنا سکی، پروٹیز کی جانب سے ایڈن مارکرم 40، ملر 16 اور کاغیسو رباڈا 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچ اسٹارک، ہیزل ووڈ اور ایڈم زمپا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے 119 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کر لیا اور 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔ آسٹریلیا ںے میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

خیال رہے کہ سپر 12 راؤنڈ اسٹیج کا دوسرا میچ دبئی میں انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیزکے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں