ڈبلن: پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ میچ میں آئرلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
ڈبلن کے ملہائیڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کی نذر ہو گیا، دوسرے دن بھی بارش کی وجہ سے کھیل جلدی ختم کرنا پڑا لیکن اس کے بعد میچ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہا۔
دوسری اننگز میں ابتدائی مشکلات کے بعد نوجوان کھلاڑیوں امام الحق اور بابراعظم نے 106 رنز کی شراکت کے دوران اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم صرف 130 رنز بنا سکی اوراسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری اننگز میں کیون اوبرائن کی شاندارسنچری کی بدولت آئرلینڈ کی ٹیم نے 339 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لئے 160 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ ابتدا میں لڑکھڑا گئی اور 14 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تاہم اس کے بعد امام الحق اور بابراعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اوراسکور 140 تک پہنچا دیا۔
اس اسکور پر بابراعظم 59 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے اور ان کی جگہ کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن آٹھ کے انفرادی اسکور پرتھامپسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس کے بعد امام الحق اور شاداب خان نے بیٹنگ جاری رکھی اور ہدف حاصل کر لیا، امام الحق نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
میچ کے اختتام پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آئر لینڈ میں بیٹنگ کرنا بہت مشکل تھا لیکن امام الحق اور بابراعظم نے عمدہ بیٹنگ کی، یہ دونوں کھلاڑی ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی آگے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فتح پوری ٹیم کی اچھی کوشش کی بدولت ملی اورانگلینڈ کی سیریزسے پہلے یہ اچھا تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ سے سیریز کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور پہلے سے بہتر پرفارم کریں گے۔