احمد مسعود پنجشیر میں موجود ہیں، سابق افغان سفیر کا دعویٰ

احمد مسعود پنجشیر میں موجود ہیں، سابق افغان سفیر کا دعویٰ

دوشنبے: سابق افغان سفیر محمد ظاہر اغبر نے دعویٰ کیا ہے کہ احمد مسعود اور امر اللہ صالح پنجشیر میں ہی موجود ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق معزول افغان حکومت کے تاجکستان میں سابق سفیر نے کہا ہے کہ پنجشیر کے رہنما احمد مسعود اور سابق افغان نائب صدر امر اللہ صالح کی مزاحمتی فورسز اب بھی طالبان سے لڑ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ امر اللہ صالح کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں جبکہ مزاحمتی رہنما سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عام رابطے نہیں کر رہے ہیں۔

سابق افغان سفیر نے کہا کہ اگر احمد مسعود اور امر اللہ صالح کو فرار ہونا ہوتا تو وہ پہلے دن ہی فرار ہو جاتے جب ان کے پاس موافق حالات تھے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں رہنما سابق افغان صدر اشرف غنی کی طرح نہیں کیونکہ وہ اپنے لوگوں اور قوم کے لیے جذبات رکھتے ہیں۔ میں امر اللہ صالح کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں جو اس وقت پنجشیر میں ہیں اور اسلامی جمہوریہ افغانستان کی حکومت چلا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کا افغانستان کیساتھ ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا عندیہ

محمد ظاہر اغبر نے کہا کہ پنجشیر میں مارشل لا نافذ ہے اور زیادہ تر خاندان گھاٹی چھوڑ کر پہاڑی علاقوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔ مزاحمتی محاذ کی فورسز بدستور اپنی پوزیشنز پر ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ اقتدار پر کنٹرول حاصل کرنے والے طالبان نے کہا ہے کہ وہ وادیپنج شیر کا مکمل کنٹرول حاصل کرچکے ہیں تاہم مزاحمتی فورسز کا کہنا ہے کہ لڑائی بدستور جاری ہے۔


متعلقہ خبریں