بھارت کے تاریخی شہر کا نام تبدیل کرنےکی تیاری


نئی دہلی: بھارت میں علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھنے کی تجویز دے دی گئی۔

بھارت میں انتہاپسند اب علی گڑھ کے پیچھے پڑ گئے اور اتر پردیش کی حکومت نے علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھنے کی تجویز دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ کا نام تبدیل کرکے ہری گڑھ کرنے کی تجویز کی ضلع پنچایت نے منظوری دے دی۔ لوکل باڈی کے سربراہ نے بتایا کہ یہ تجویز پیر کو منظور کی گئی اور منگل کو حکومت کو بھیجی گئی۔

علی گڑھ ضلع پنچایت کے سربراہ وجے سنگھ کے مطابق ہم نے ضلع پنچایت بورڈ کی میٹنگ میں کچھ تجاویز منظور کیں۔ پہلی تجویز علی گڑھ کا نام تبدیل کر کے ہری گڑھ رکھنے کی تھی، اسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا اور ہم نے اسے وزیراعلیٰ کو یہ تجویزبھیج دی ہے۔ مجھے امید ہے کہ منظوری دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ علی گڑھ کا نام تبدیل کر کے ہری گڑھ رکھنے کی تجویز پنچایت کے رہنماؤں کوہری سنگھ یادیو اور امیش یادو کی جانب سے پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مفرور صدر اشرف غنی کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا

خیال رہے کہ نومبر 2019 میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر ریاست بھر میں جگہوں کے نام تبدیل کرنے کا اشارہ دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وہی کیا جو ہمیں اچھا لگا۔ ہم نے مغل سرائے کا نام پنڈت دین دیال اپادھیائے نگر ، الٰہ آباد کا پریاگ راج اور فیض آباد کا نام ایودھیا رکھا۔ جہاں ضرورت ہوئی وہاں حکومت ضروری اقدامات کرے گی۔

خیال رہے کہ جنوری 2019 میں کمبھ میلے سے چند ماہ قبل الٰہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج رکھا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں