اسلام آباد: کورونا وبا میں ایک بار پھر اضافہ، متعدد علاقے سیل

اسلام آباد: کورونا وبا میں ایک بار پھر اضافہ، متعدد علاقے سیل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے کے بعد متعدد علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد تک پہنچنے پر کئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 117 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 68 فیصد ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق جن علاقوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں انہیں سیل کیا جا رہا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق قربان ٹاؤن کھنہ پل کی گلی نمبر 13،  سیکٹر جی الیون اور سیکٹر ایف سکس تھری کی مخصوص گلیوں کو سیل کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد کے جی سیون ٹو اور سواں گارڈن ایچ بلاک کو آج صبح نو بجے بند کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس نے مزید 15 افراد کی جان لے لی۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار597 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید ایک ہزار 808 مثبت کیسز سامنے آگئے۔ ملک بھر میں کورونا کیسزکی تعداد 9 لاکھ 75 ہزار 92 ہوگئی۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 47 ہزار 15 ٹیسٹ کئے گئے۔  ملک بھر میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 3 فیصد ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 47 ہزار 4 سو 78، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار چار سو 63، پنجاب میں تین لاکھ 48 ہزار 309، اسلام آباد میں 83 سات سو 64، بلوچستان میں 27 ہزار 994، آزاد کشمیر میں 21 ہزار ایک سو 80 اور گلگت بلتستان میں چھ ہزار نو سو چار ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق اب تک ملک بھر میں 39 لاکھ 42 ہزار 291 افراد کو کورونا ویکسین کی مکمل خوراک جبکہ ایک کروڑ 59 لاکھ 41 ہزار 609 افراد کو سنکل خوراک دی جاچکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ایک کروڑ 98 لاکھ 83 ہزار نو سو افراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔


متعلقہ خبریں