لاہور: آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
کوئٹہ میں تندور کی روٹی 20 روپے کی ہو گئی
ہم نیوز کے مطابق لاہور میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں ازخود دو روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد شہر میں روٹی کی قیمت 10 روپے ہو گئی ہے۔
اس ضمن میں نان بائیوں کا مؤقف ہے کہ ایک ہفتے قبل آٹے کا تھیلا 850 روپے کا مل رہا تھا لیکن اب اس کی قیمت بڑھ کر1070 روپے ہو گئی ہے۔
نان بائیوں کا کہناہے کہ پرانی قیمت پر روٹی کی فروخت ان کے لیے ممکن نہیں رہی تو انہوں نے صرف دو روپے کا اضافہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مجبوری میں ایسا کر رہے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق روٹی کی قیمت میں اضافے پر شہریوں کا مؤقف ہے کہ پہلے ہی ان کے لیے دو وقت کی روٹی مسئلہ بنی ہوئی ہے چہ جائیکہ اب روٹی مزید مہنگی کردی گئی ہے۔
شہریوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ گندم کی فصل ابھی اتری ہے آٹے کی قیمت میں اضفہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آٹے کی قیمت میں کمی لانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
حکومت پنجاب اور شہری انتظامیہ کی جانب سے تاحال روٹی کی قیمت میں ہونے والے اضافے کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا روٹی اور نان کی قیمت میں خودساختہ اضافے کا نوٹس
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ کافی عرصے سے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا چکا ہے۔ اس وقت مختلف علاقوں میں نان اور روٹی کی الگ الگ قیمتیں مقرر ہیں۔