سندھ حکومت نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں عید شاپنگ کے لیے آج مارکٹین کھلی رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ صوبے بھر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ پلازے آج کھلے ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں 9 سے 16 مئی تک نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ پابندیوں کے دوران تمام کاروبار، عید بازار اور چاند رات بازار بھی نہیں لگیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورینٹس صبح 5 سے شام 7 بجے تک کھلے رکھے جاسکیں گے جہاں صرف ہوم ڈیلیوری اور ڈرائیو تھرو سروس کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں اندرون شہر، انٹرسٹی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ 19 مئی تک بند رہے گی جبکہ نجی گاڑیوں، ٹیکسی اور کیب میں نصف نشستیں خالی رکھنا ہوں گی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اندازہ ہے کہ 16 مئی تک ٹرانسپورٹ بند کرنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کورونا وائرس کے خطرناک پھیلاو کے باعث یہ فیصلہ ناگریز تھا، بھارت میں وبا سے پیدا شدہ صورت حال عالمی میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں کورونا سے مزید 120اموات، 4109 کیسز رپورٹ
اسد عمر کا کہنا تھا کہ بھارت میں اسپتال بھر گئے، کئی جگہوں پر آکسیجن کی کمی ہے، موجودہ صورتحال میں ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپال میں بھی یومیہ کورونا کیسز کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہوئی، پاکستان سے آدھی آبادی رکھنے والے ایران میں یومیہ اموات 400 تک پہنچیں، گزشتہ روزبھی بھارت میں زیادہ کوروناکیسز رپورٹ ہوئے۔
دوسری جانب پاکستان کو اب تک کورونا کی ایک کروڑ 19 لاکھ ویکسین کی خوراکیں موصول ہو چکی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اب تک موصول ہونے والی کورونا ویکسین کی تفصیلات جاری کر دیں۔ این سی او سی کے مطابق اب تک ایک کروڑ 19 لاکھ ویکسین کی خوراکیں موصول ہوچکی ہیں اور موصول ہونے والی ویکسین میں سائنو فارم، سائنو ویک اور کینسائنو شامل ہیں۔