چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کور کمیٹی کا اہم اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں جاری ہے۔
اجلاس میں وزرائےاعلیٰ، وفاقی وزرا اور گورنرز شریک ہیں اور ملکی سیاسی اورمعاشی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے جب کہ ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی حکمت عملی سے نمٹنے پر بھی مشاورت کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل وزیراعظم عمران خان نے مشاورت کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا تھا۔
خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی کے درمیان کل کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے اتحادیوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ اتحادیوں نے نامزدگی کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں: حکومتی پیشکش کی کوئی حیثیت نہیں ہے، مولانا عبدالغفور حیدری
اتحادی جماعتوں کے رہنماوں نے وزیراعظم کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
حکومتی اتحادیوں نے ملک کی بہتری کے لئے وزیراعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے ولید اقبال، اعجاز چودھری اور محسن عزیز کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے جے یو آئی کے عبدالغفور حیدری امیدوار ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل ملاقاتوں، آفرز انکار اور اقرار کے لیے حکومت اور اپوزیشن کا جوڑ توڑ عروج پرہے۔
وزیراعظم نے پرویز خٹک کو چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے ارکان کی حمایت حاصل کرنےکاٹاسک دیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرانے کے لیے سابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے اے این پی کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔ کراچی میں بھی پی پی رہنما ایم کیو ایم کے پاس پہنچ گئے تھے۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے جی ڈی اے کے رہنما پیر صاحب پگارا اور چودھری برادران سے ملاقاتیں کیں اور صادق سنجرانی کی کامیابی کے لیے حمایت کا کہا تھا۔
پی ڈی ایم نے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مشترکہ امیدوار نامزد کیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی ف کے مطابق جے یو آئی نے مولانا عبد الغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کیا تھا جس کی منظوری سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے دی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی صفوں میں انتشار پیدا کرنے والے ناکام ہوں گے جب کہ پی ڈی ایم کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔