لاہور:فیصل آباد شیردل کے کپتان ناصرعلی نے کہا ہے کہ سپرکبڈی لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت سے ایونٹ میں بہترین مقابلے ہورہے ہیں۔
اسلام آباد ٹیم سے مقابلہ جیتنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹیم کے خلاف نئی حکمت عملی کے تحت میدان میں اترے تھے۔
فیصل آباد شیردل کے کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم مسلسل دو مقابلے جیت چکی ہے اور ہم سپرکبڈی لیگ جیتنے کی بھرپور و پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
سپرکبڈی لیگ میں شریک فیصل آباد شیردل ٹیم کے ’اونر‘ رابیل سدوزئی نےکہا کہ کبڈی ثقافتی کھیل ہے اور اس ایونٹ سے روایتی کھیل کو فروغ مل رہا ہے جو خوش آئند ہے۔
اپنی ٹیم کی شاندار فتح پر خوشی سے سرشار رابیل سدوزئی نے امید کا اظہار کیا کہ فیصل آباد شیردل سپر لیگ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
سپر کبڈی لیگ کے مقابلے دیکھنے کے لیے آنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹراعجاز احمد نے کہا کہ کبڈی بہت پسند ہے اوراس کی سپورٹ کے لیے میدان میں آیا ہوں۔
گوادراورملتان کی ٹیموں کوسپرکبڈی لیگ میں سپورٹ کرنے والے اعجاز احمد نے کہا کہ لیگ کے انعقاد سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔