عمر کوٹ: ضمنی انتخاب، پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا


عمر کوٹ: سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 52 عمر کوٹ کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار امیر علی شاہ 55904 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔

غیرسرکاری نتیجے کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار ارباب غلام رحیم 30 ہزار 921 ووٹ لے کر دوسرےنمبر پر رہے۔

عمر کوٹ میں خالی ہونے والی صوبائی نشست پر آج صبح پولنگ کا آغاز ہوا۔ جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

الیکشن پر کامیابی پر پیپلزپارٹی کے سید امیرعلی شاہ نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  جیت پر اللہ پاک کا شکرگزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹرز کی محبت کا بھئ شکرگزار ہوں،آخری سانس تک ان کے ساتھ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو عوام کی خوشی میں شریک ہونے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی پر تنقید نہیں کروں گا، سب سے بڑی طاقت عوام کی ہے، جنہوں نےاپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی علی مردان شاہ کے انتقال کے باعث نشست خالی ہوئی تھی۔ عمر کوٹ الیکشن میں تحریک انصاف نے جی ڈی اے کے امیدوار کی حمایت کی ہے جبکہ ن لیگ اور جے یو آئی نے پیپلز پارٹی کی حمایت کی ہے۔


متعلقہ خبریں