پتوکی: 1 ماہ میں 6 بچیوں سے جنسی زیادتی، شہری سراپا احتجاج

پنجاب میں رواں سال بچوں سے زیادتی کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ

قصور: ضلع قصور کے شہر پتوکی کے نواحی علاقے سرائے مغل میں کمسن بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ اور پولیس کی جانب سے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔

ہم نیوز کے مطابق پتوکی سرائے مغل میں ایک اور بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ ملزم کی عدم گرفتاری کے خلاف آج شہری سڑک پر نکل آئے اور انہوں نے مین روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔

ذرائع کے مطابق سرائے مغل میں 1 ماہ کے دوران 6 کمسن بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور حراساں کیے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔  کمسن بچیوں کو ورغلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں ہونے والے مختلف 6 واقعات میں تمام تر بچیوں کی عمریں 10 سے 12 سال ہیں۔ ایک ایسے ہی واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہونے کے باوجود پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

مزید پرھیں: پنجاب میں رواں سال بچوں سے زیادتی کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور کا کہنا ہے کہ 1 مشکوک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جسے زیادتی کا شکار ہونے والی ایک بچی نے شناخت بھی کر لیا ہے۔ گرفتار شخص سے ابھی مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب پولیس ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سرائے مغل میں نو عمر بچیوں کے ساتھ زیادتی اور حراساں کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ابھی تک ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے باقی واقعات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ باقی واقعات کی  جیسے  ہی درخواستیں موصول ہوں گی مقدمات درج کردیں گے۔ غفلت اور کوتاہی میں ملوث پولیس اہلکاران کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں