کراچی: معروف عالم دین اور جامعہ احسن العلوم کے مہتمم مفتی زرولی خان انتقال کر گئے ہیں۔
مفتی زرولی خان کراچی کے اسپتال کے کورونا وارڈ میں زیر علاج تھے جہاں وہ آج انتقال کر گئے ہیں۔
جامعہ بنوریہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مفتی زرولی خان کی نمازجنازہ کل بعد نماز ظہرگلشن اقبال کراچی میں ادا کی جائے گی۔
مرحوم مفتی زر ولی ضلع صوابی کے قصبہ جہانگیرا میں 1953 میں پیدا ہوئے، علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن گرومندر سے سند فراغت حاصل کی، اور مولانا یوسف بنوری، مولانا عبداللہ کاکا خیل جیسے اکابرین ان کے اساتذہ میں شامل تھے۔
جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مفتی نعیم سپرد خاک
انہوں نے 1978 میں احسن العلوم کی دینی درس گاہ قائم کی،مرحوم پوری زندگی درس و تدریس سے وابستہ رہے، وہ کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔
مرحوم ہزاروں علما کے بھی استاد تھے، انھیں تفسیر و حدیث کے درس میں منفرد مقام حاصل تھا، ان سے استفادے کے لیے ملک بھر سے طلبہ آتے تھے اور ان کے علم سے مستفید ہوتے تھے۔
مرحوم مفتی زر ولی کئی کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ وہ بہترین خطیب بھی شمار ہوتے تھے۔