اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے، بے شمار چیلنجز میں حکومت کرنا آسان نہیں۔
نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی معیارکے ایئرپورٹ کا افتتاح کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
اس سے خیبرپختونخوا ( کے پی ) اور پنجاب کے عوام بھی استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ ملک کو تجارت اور ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جلد لاہور ایئرپورٹ کی توسیع کا کام بھی شروع کر دیا جائے گا جبکہ ملتان اور فیصل آباد ایئرپورٹس کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ دو ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جا چکی ہے اور گیس کی طلب اور رسد کا فرق بھی ختم ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے بے شمار منصوبے شروع اور مکمل کیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں جدید ٹیکنالوجی اپنانی ہو گی کیونکہ وقت کے ساتھ نہ چلنے والی قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔
انہوں نے ماضی میں ترقی نہ کرنے کی وجہ آمریت کو قرار دیا اور کہا کہ جمہوریت اور آئینی اداروں کے اپنی حدود میں کام کرنے سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے ملکی ترقی کو نواز شریف سے منسوب کیا اور کہا کہ 2013 میں ایئرپورٹ کی شاہراہ کا منصوبہ بھی نہیں بنا تھا اور آج یہاں عظیم الشان ایئرپورٹ موجود ہے۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ ایئرپورٹ کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ میں ہنگامی طور پر بہتری لائیں گے۔