وزیر اعظم کا آرمی چیف کے ہمراہ دورہ میرانشاہ

شاہد خاقان عباسی نے فاٹا میں امن کو پاکستان کا امن قرار دے دیا


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں میرانشاہ اورغلام علی کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے دورے کے دوران یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور امن وامان کی خاطرجانیں قربان کرنے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے میرانشاہ میں پاک فوج کے انجینیرزکی جانب سے نئی تعمیر شدہ مارکیٹ اورغلام علی میں ٹریڈ ٹرمینل کا افتتاح کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیا ٹریڈ ٹرمینل سینٹرل ٹریڈ کوریڈور کی حیثیت رکھتا ہے، ٹریڈ ٹرمینل مواصلاتی انفراسٹرکچر مارکیٹ کمپلکس کو سی پیک سے منسلک کرے گا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی قربانیاں ڈھکی چھپی نہیں۔

انہوں نے کہا فوج نے اپنا کام مکمل کر دیا ہے اوراب ہمیں ثابت کرنا ہے کہ ان برائیوں کو دوبارہ اپنے علاقوں میں نہیں آنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ اور پولیٹیکل ایجنٹس کی ذمہ داری ہے کہ علاقے میں امن و امان برقراررکھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا میں امن نہیں ہو گا تو پاکستان میں امن نہیں ہو گا کیونکہ یہ تمام معاملات باہم جڑے ہوئے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلیوں کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا یہاں کی طویل المدتی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اورعسکری قیادت نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ فاٹا کے عوام کو بھی وہی سہولتیں میسر ہونی چاہئیں جو پاکستان کے کسی دوسرے خطے میں رہنے والوں کو حاصل ہیں۔


متعلقہ خبریں