برطانوی اخبارایشین ورلڈ نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو اپنے شہریوں کو کورونا سے بچانے والے عالمی رہنماوں میں سب سے کامیاب قرار دے دیا ہے۔ فہرست میں معاون خصوصی ذلفی بخاری کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی کورونا کے خلاف پاکستانی حکومت کی حکمت عملی کی تعریف کی ہے۔ اب برطانوی اخبار ایشین ورلڈ نے بھی وزیر اعظم عمران خان کو کورونا کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے والا دنیا کا سب سے بہتر لیڈر قرار دیا ہے۔
برطانوی اخبارایشین ورلڈ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نا صرف بیماری سے نمٹنے کی بہترین حکمت عملی بنائی بلکہ اپنے شہریوں کو بے روزگاری سے بچانے کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر امریکی ریاست نیویارک کی رکن کانگریس الیکزینڈریا کارٹز کا ہے جنہوں نے اس وبا کے دوران غربت سے متاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ مالی امداد اور انہیں مواقع فراہم کرنے کی بھرپور تحریک چلائی۔
کورونا وبا کے دوران بہترین قائدانہ کردار پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈن کو تیسرا نمبر دیا گیا۔ جیسنڈا آرڈن نے عالمی وبا کے آغاز سے ہی سخت لاک ڈاون کی پالیسی اپنائی اور ملکی معیشت کو بھی بحال رکھا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان وبائی امراض سے نمٹنے والے6بہترین ممالک میں شامل
چوتھے نمبر پر فن لینڈ کی موجودہ وزیراعظم ثنا میرین کا نام ہے جنہوں نے عالمی وبا میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا اور بہترین اقدامات اٹھائے۔
امریکی رکن کانگریس الہان عمر کا پانچواں نمبر ہے جنہوں نے کورونا وبا سے متاثرہ افراد کے لیے کرائے کی نرم شرائط پر مشتمل بل تیار کیا۔
چھٹے نمبر پر کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ہیں جنہوں نے طلبہ کو عالمی وبا کے دوران ریلیف فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی ذلفی بخاری کا نام اس فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔ اخبار کے مطابق ذلفی بخاری نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو اپنے وطن واپس لانے کے لیے بہترین کارکردگی دکھائی۔
برطانوی اخبار کے مطابق فہرست میں آٹھویں نمبر پر آئر لینڈ کے سابق وزیراعظم لیو وراڈكر، نویں پر کینیڈا کے ممبر پارلیمنٹ جگمیت سنگھ اوردسویں پر بحرین کی پہلی خاتون اسپیکر فوزیہ زینال ہیں۔