اجوکا تھیٹر کی مدیحہ گوہر انتقال کر گئیں


لاہور:معروف اداکارہ اور اجوکا تھیٹر کی بانی مدیحہ گوہر انتقال کر گئیں۔

62 سالہ مدیحہ گوہر معدے اور آنتوں کے کینسر میں مبتلا تھیں۔

مدیحہ گوہرپاکستان ٹیلی ویژن کے سابق مینجنگ ڈائریکٹر شاہد ندیم کی شریک حیات اور معروف اداکارہ فریال گوہر کی بہن تھیں۔

1984 میں انہوں نے اپنےخاوند کے ساتھ مل کر لاہور میں اجوکا تھیٹر کی بنیاد رکھی۔

اجوکا تھیٹرسنجیدہ ،سبق آموز اور اصلاحی ڈرامے پیش کرنے کے حوالے سے عالمی شہرت کا حامل ہے۔

مدیحہ گوہر نے اجوکا تھیٹر میں ڈرامہ پیش کرنے کی نئی طرز اس طرح ڈالی کہ فوک روایات کو مغربی امتزاج کے ساتھ پیش کیا ۔

اجوکا تھیٹراپنی جدت کے باعث دنیا بھرمیں ایک مستند تھیٹر کے طور پر جانا اور مانا گیا۔

مدیحہ گوہرکا شمار ان چند سماجی کارکنان میں ہوتا ہے جنہوں نے سماجی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے تھیٹر کا میڈیم چنا۔

مدیحہ گوہر کا بنیادی مقصد تھیٹر کے ذریعے لوگوں میں سماجی و معاشرتی شعور اجاگر کرنا تھا۔

پاکستان کے سماجی، سیاسی اور اخلاقی مسائل کو مدیحہ گوہر نے تھیٹر کے ذریعے بہترین انداز میں اجاگر بھی کیا۔

اجوکا تھیٹر کی ٹیم نے ان کی قیادت میں ہندوستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا سے بھی اپنی پرفارمنس پر داد سمیٹی۔

مدیحہ گوہر کومتعدد ملکی و غیر ملکی اعزازات سے نوازا گیا۔

2006 میں ان کی خدمات پر ہالینڈ کی جانب سے پرنس کلاز ایوارڈ (Prince Claus Award) بھی دیا گیا۔

اجوکا تھیٹر کے پیش کردہ مشہور زمانہ کھیل میں دارا،انہی مائی دا سفنہ، کون ہے یہ گستاخ ،کبیر کھڑا بازار میں سمت دیگرشامل ہیں۔


متعلقہ خبریں