لاہور کے مسائل حل کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی قائم

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے وزارتی کمیٹی قائم کر دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت لاہور میں شہری سہولتوں کو بہتر بنانے سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں وزارتی کمیٹی بنائی گئی جس کا اجلاس ہر 15 دن کے بعد منعقد ہو گا اور متعلقہ محکمے رپورٹ پیش کریں گے۔

عثمان بزدار نے مختلف محکموں کو لاہور میں سہولتوں کی بہتری کے لیے ٹاسک بھی سونپ دیے جبکہ پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی اور اوور چارجنگ کے سدباب کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں لاہور میں گداگری کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور مختلف سڑکوں پر صدقے کا گوشت اور پرندے بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

میٹرو برج اور انڈر پاسز کے قریب منشیات کے عادی افراد کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے دھواں اگلتی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہر کی اسٹریٹ لائٹوں کو بحال اور آوارہ کتوں کے خلاف مہم چلانے کا بھی حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل

عثمان بزدار نے کہا کہ بدنما وال چاکنگ ختم کر کے سرکاری اداروں کی دیواروں پر پینٹنگ اور گرافٹی کی جائے گی جبکہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے رحجان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور لاہور کی اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں