امریکا، ترکی کو دھمکا رہا ہے، روسی وزیر خارجہ


ماسکو: نائب امریکی وزیرخارجہ برائے یورپ و ایشیا ویس مچل کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئےروسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ امریکا ترکی کو کھلی دھمکیاں دے رہا ہے۔

ویس مچل نے بدھ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ترکی نے روس سے ایس 400 دفاعی نظام خریدا تو امریکا قانون کے تحت روس پر پابندیاں لگا سکتا ہے۔

ویس مچل کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایف 35 پروگروام میں ممکنہ شرکت کے نتائج اور ترکی کے ساتھ وسیع پیمانے پر عسکری اور صنعتی تعاون کے بارے میں بہت واضح ہیں۔

ان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا یہ بیان واضح بلیک میلینگ ہے۔ واشنگٹن امریکی کمپنیوں کے لیے غیر منصفانہ مقابلے کا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے بھی ترکی کے روس سے ایس 400 دفاعی نظام خریدنے کے فیصلے کو سراہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو کا رکن ہونے کے ناطے امریکا کو سیکرٹری جنرل کی اجتماعی رائے پر توجہ دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے دفاعی نظام کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر روس سے ایس 400 نظام خریدنے کا فیصلہ کیا۔ ترکی نیٹو ارکان میں سے اس نظام کو استعمال کرنے والا پہلا رکن ہوگا۔

ایس 400 دفاعی نظام کی مدد سے ترکی خطے میں درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے دور تک مار کرنے والا ایئر  اور اینٹی میزائل نظام استعمال کرنے کے قابل ہوگا۔ اس کے  علاوہ ترکی اپنا میزائل دفاعی نظام قائم کرنے کے بھی قابل ہوگا، کیونکہ روس کے ساتھ معائدے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی شامل ہے۔

ایس 400 روس کی جانب سے  2007 میں تیار کیا گیا جدید ترین دفاعی نظام ہے۔ روس نے اب تک بھارت اور چین کو یہ نظام فروخت کیا ہے۔


متعلقہ خبریں