ملک بھر میں کورونا سے مزید 122 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثر


اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 122 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثر ہوگئے، جس کے بعد متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3450 ہوگئی۔

کورونا ڈیوٹی پر مامور ہیلتھ کئیر پروفیشنلز سے متعلق وزارت صحت کو ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اب تک 34 ہیلتھ کئیر ورکرز کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہیلتھ پروفیشنلز کے بارے میں رپورٹ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے تیار کی ہے۔

وزارت صحت کو ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کورون سے متاثر ڈاکٹرز کی مجموعی تعداد 2047 ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 443 نرسز اور 960 دیگر اسپتال ملازمین کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کو ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ 250 ہیلتھ پروفیشنلز اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا 3 ہیلتھ پروفیشنلز کی حالت تشویشناک ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 5 ہزار 385 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ تیرہ ہزار 702 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 83 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 225 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 36 ہزار تین سو آٹھ مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 43 ہزار 460 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 41 ہزار 303، خیبرپختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں 7 ہزار اکتیس، اسلام آباد میں 5 ہزار 963، آزادکشمیر میں 444 اور گلگت بلتستان میں 974 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 807 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 696، خیبر پختونخوا میں 610، اسلام آباد میں 57، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 62 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 799 ٹیسٹ کیے گئے گئے جب کہ مجموعی طور پر 7 لاکھ 54 ہزار 252 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں