سونا 800روپے فی تولہ مہنگا

سونے کی فی تولہ قیمت

کراچی: کاروباری ہفتے کے آخری روز کراچی کے صرافہ بازار میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 800 روپے مہنگا ہونے کے بعد اس کی قیمت 97 ہزار200 روپے ہوگئی ہے۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مارکیٹ میں  10 گرام سونے کی قیمت 868 روپے اضافے کے بعد 83ہزار333 روپے  ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ 14 اپریل پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی تھی۔

دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر پاکستان کرنسی کے مقابلے میں ایک روپے 12 پیسے مہنگا ہوگیا۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 12 پیسے مہنگا ہوکر ایک سو 63 روپے 10 پیسے کا ہو گیا۔

فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک کی جانب سے بیرون قرضوں کی مد میں حالیہ ادائیگیوں کے بعد پاکستانی کرنسی پر دباو بڑھ گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں235 پوائنٹس کا اضافہ

خیال رہے کہ گزشتہ روزاسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائرمیں 55 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 21 مئی تک مرکزی بینک کے ذخائر کم ہوکر 12 ارب 7 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس 6 ارب 52 کروڑ ڈالر کے ذخائرموجود ہیں، جبکہ مجموعی ملکی خائر 18 ارب 59 کروڑ ڈالر ہیں۔

خیال رہے کہ 30 اپریل کو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 ارب 18 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق نئے اضافے کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر کی مالیت 12 ارب 7 کروڑ ڈالر ہوگئی تھی۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کمرشل بینکوں کے پاس 6 ارب 39 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود تھے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 18 ارب 46 کروڑ ڈالر ہوگئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں