یوٹیلٹی اسٹورز انتظامیہ، ورکرز یونین کے درمیان مذاکرات کامیاب



لاہور: یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور آل پاکستان یوٹیلیٹی اسٹور ورکرز یونین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد بند اسٹورز کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔

ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ورکرز یونین سے کامیاب مذاکرات کے بعد ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔

اس سے قبل آل پاکستان یوٹیلیٹی اسٹور ورکرز یونین نے ہڑتال کردی تھی جس کے سبب ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند ہوگئے تھے۔

یونین کے چیئرمین سید عارف شاہ کا کہنا تھا کہ  یوٹیلیٹی اسٹورز سے ورکرز کے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور جب تک ہمارے تمام مطالبات منظور نہیں ہوتے اس وقت تک اسٹورز نہیں کھولے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ہڑتال کا فیصلہ پاکستان میں یوٹیلیٹی اسٹورورکرز کی تمام یونینز نے متفقہ طور پر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز منیجمنٹ اور بورڈ جان بوجھ کرحکومت کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔

عارف شاہ نے کہا تھا کہ جب تک ہمارے تمام جائز حقوق نہیں دیے جاتے اسٹورز کے تالے نہیں کھولے جائیں گے۔

یونین کے صدر نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیر اعظم فوری ہمارے مسائل حل کرنے کے لیے احکامات جاری کریں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ حکومت نے دو سال سے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی اور کورونا سے حفاظتی کٹس بھی یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہیا نہیں کی گئیں۔

رہنما یوٹیلیٹی اسٹورورکرزیونین الیاس منہاس نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز عمر حبیب لودھی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کر رہے ہیں۔ ڈیلی ویجرزکو مستقل نہیں کیا جارہا، تنخواہوں سمیت گریڈ میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ وفاق نے معاملات مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز عمر حبیب لودھی کا کہنا ہے کہ ملازمین کا کام بند کرنا بلیک میلنگ ہے اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

عمرحبیب لودھی نے کہا کہ ملازمین کی جانب سے اس وقت کام بند کرنا درست نہیں۔ ملازمین کی ترقیاں میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کے لیے مراعات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔  ڈیلی ویجر ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 15000سے بڑھا کر 17500 کر دی گئی ہے۔

مام ملازمین کےلیے سالانہ انکریمنٹ دسمبر2019کی منظوری دے دی گئی ہے۔  بجٹ 2019 کے مطابق تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کا اعلان  بھی کیا گیا ہے۔

حکام نے رمضان ریلیف پیکج کےلیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطور اعزازیہ اور یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ نے شہداء پیکج کی بھی منظوری دے دی ہے۔

دوسری جانب ورکرزیونین کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے کوئی مطالبہ منظور نہیں کیا گیا اور نہ واجبات کی ادائیگی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے جب کہ مطالبات منظور نہیں ہوتے پورے ملک یوٹیلیٹی اسٹورز بند رہیں گے۔


متعلقہ خبریں