اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اور ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والے عادی لوٹے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کوان عادی لوٹوں کی ضرورت نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاداریاں بدلنے والوں کو اپنے مفادات کے سوا کسی سے غرض نہیں ہوتی، سیاسی لوٹوں کی الیکشن سے پہلے بولیاں لگتی ہیں، جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے چار سال تک ایسی کوئی آواز نہیں اٹھائی۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جنوبی پنجاب کو ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دیے جبکہ ان لوگوں نے ترقیاتی فنڈز لینے کے باوجود حلقوں میں کام نہیں کیا۔ ان ارکان کومعلوم تھا کہ اس بارانھیں ن لیگ سےٹکٹ نہیں ملی گی۔
انہوں نے کہا یہ عادی لوٹے کبھی بھی مسلم لیگ (ن) کا حصہ نہیں رہے، یہ آج ان ارکان کےآخری سیاسی اعلانات تھے، چند اور لوٹے بھی سامنےآئیں گے، ہماری سیاست پرکوئی فرق نہیں پڑتا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نےنوازشریف کوپارٹی صدارت کیلیےووٹ نہیں دیا، عوام ہوا کا رخ دیکھ کر وفاداریاں بدلنے والوں کو انتخابات میں مسترد کر دیں گے۔
پیر کے روز جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے 6 ارکان قومی اور 2 ممبران صوبائی اسمبلی نے مستعفی ہو کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کیا تھا۔