کورونا پر قابو پانے کیلئے باہمی عالمی تعاون ناگزیر ہے، بلاول

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا سے باہمی عالمی تعاون سے ہی نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر اور وسائل رکھنے والے ممالک کو غریب اور کم وسائل والے ملکوں کی مدد کرنا ہوگی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ تن تنہا کورونا کا مقابلہ کر سکیں۔ وسائل والے ممالک اور عالمی طاقتوں کو ٹیسٹنگ کٹس اور صحت کی سہولیات کی دنیا بھر میں منصفانہ تقسیم کرنا ہوگی۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو اب اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ آج بھی ایران پر پابندیاں ہیں جہاں لوگ کورونا کی وجہ سے مر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا اب تک مقبوضہ کشمیر کو بند کیے بیٹھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 250 دن سے لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کے پاس کوئی سہولت نہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس، حکومت کو آئی ایم ایف سے نئی شرائط طے کرنا چاہئیں، بلاول

بلاول نے کہا کہ پاکستان بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ہمارا نظام صحت اتنا وسیع نہیں کہ اس وبا کا مقابلہ کر سکے۔ ہم لاک ڈاؤن اور سماجی دوری کے ذریعے ہی اس وبا سے بچ سکتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اٹلی اور برطانیہ جیسے ملکوں کا نظام صحت بھی کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ بیٹھ گیا ہے۔ ہمارے پاس تو اٹلی اور برطانیہ کے مقابلے میں صحت کا نظام بہت کمزور ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھا تو ہمارا نظام صحت بیٹھ جائے گا۔پاکستان کی اپوزیشن نے وفاقی حکومت کو مشترکہ کاوشوں کی پیشکش کی ہے۔


متعلقہ خبریں