علماء کی شب معراج کے موقع پر انفرادی عبادات کی اپیل


اسلام آباد: متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے حکومت کی ہدایات کے مطابق عوام الناس سے شب معراج کے موقع پر انفرادی عبادات کی اپیل کردی۔

ایک اعلامیے کے مطابق متحدہ علماء بورڈ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء سے اس وقت پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے اور وطن عزیز پاکستان میں رہنے والے ہر فرد کی سلامتی کا احساس کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں آج سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا امکان

اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت کی طرف سے ہر قسم کے سیاسی و مذہبی اجتماعات پر پابندی کے پیش نظر انفرادی عبادات پر توجہ دی جائے اور اجتماعات سے اجتناب کیا جائے۔

متحدہ علماء بورڈ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد ، پیر نقیب الرحمن ، مولانا ضیاء الحق نقشبندی ، مولانا مفتی محمد صدیق ہزاروی ، علامہ محمد حسین اکبر ، مولانا فضل حیدری ، مولانا عبد الکریم ندیم اور دیگر علماء و مشائخ نے کہا کہ عوام الناس اس وباء سے نجات کیلئے استغفار ، درود شریف ، آیت کریمہ کا ورد کریں اور گھروں میں قرآن کریم کی تلاوت اور ذکر و اذکار کا اہتمام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے ، اسلام خود کو محفوظ رکھنے اور دوسروں کو محفوظ بنانے کا حکم دیتا ہے۔


متعلقہ خبریں