پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا


اسلام آباد: اکیس کروڑ پچانوے لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ پاکستان دنیا کا پانچواں گنجان آباد ملک بن گیا ہے۔ 

عالمی ادارے ورلڈ میٹرز کے مطابق پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح یہی رہی تو اگلے دس برسوں میں پاکستان کی آبادی 30 کروڑ سے بڑھ سکتی ہے۔

اس وقت دنیا کی آبادی سات ارب 80 کروڑ سے بڑھ چکی ہے اور  اس میں دو فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں : پاکستان کی آبادی میں ہر سال 2 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

چین ایک ارب 43 کروڑ آبادی کے ساتھ دنیا کا سب سے زیادہ گنجان آباد ملک ہے۔۔ دوسرے نمبر پر بھارت ہے جس کی آبادی ایک ارب 37 کروڑ افراد سے بڑھ گئی ہے۔

دنیا کی مجموعی آبادی میں ایشیا کا تناسب چار ارب 64 کروڑ ہے، افریقہ میں بسنے والوں کی آبادی ایک ارب 34 کروڑ اور یورپی شہریوں کی تعداد 74 کروڑ سے زیادہ ہے۔

ورلڈ میٹرز کے مطابق دنیا بھر کی آبادی میں عیسائیوں کا تناسب 31.5 فیصد اور مسلم آبادی کا تناسب 23.2 فیصد ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق 1960 میں دنیا کی آبادی تین ارب تھی جس کے بعد اس میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

ورلڈ میٹرز کا کہنا ہے کہ آبادی بڑھنے کا یہی تناسب رہا تو 2057 میں دنیا کی آبادی دس ارب ہو جائے گی۔۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اس حوالے سے کہا تھا کہ پاکستان میں ہر سال 90 لاکھ خواتین بچوں کی پیدائش کے عمل سے گزرتی ہیں، 40 لاکھ خواتین نا چاہتے ہوئے بھی حمل کے مراحل سے گزرتی ہیں۔


متعلقہ خبریں