وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایران سے واپس آنے والے 2،398 افراد میں سے 1،277 واپس پہنچ گئے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ان تمام افراد کو 14 دن کے لیے آئسولیشن وارڈ میں رکھنےکے بعد کلیئر کیا گیا ہے۔ ایران سے واپس آنے والے 823 افراد تاحال آئسولیشن وارڈ میں ہیں۔

اجلاس کو محکمہ صحت کی بریفنگ بتایا گیا کہ واپس آنے والے 2،100 افراد کو ٹریس کر لیا گیا ہے، جبکہ 298 افراد کا پتہ لگانا باقی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آج 6 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں،جو سب منفی آئے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ  ایران سے متصل تفتان بارڈر پر مزید زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ 15 جنوری سے اب تک 13 ہزار 98 افراد ایران سے سندھ پہنچے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 1،600 زائرین تاحال تفتان بارڈر پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، پولیو ورکرز کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ  نے اجلاس کے دوران ہی وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ کیا اور دونوں وزراء اعلیٰ نے اتفاق کیا کہ تفتان سے آنے والے زائرین کو کوئٹہ میں ہی 14 روز کے لیے آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومتِ سندھ نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے 10 کروڑ روپے گرانٹ دینے کی منظوری دے دی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس  میں انڈس اسپتال کے ساتھ معاہدے کی بھی منظوری دی گئی تھی۔

اجلاس کے دوران مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چین سے آنے والے مسافروں کو 14 روز قرنطینه میں رکھ کر پھر روانہ کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق، اسکردو میں بھی تعلیمی ادارے بند

انہوں نے کہا تھا کہ کئی مسافر ایران سے بغیر قرنطینه کیے آگئے، صرف پڑوسی ملک سے آنے والوں میں سے دو لوگوں میں وائرس ظاہر ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں کو گھروں میں محدود کردیا ہے، بچوں کا اسکول جانا لازمی ہے تاہم شاپنگ سینٹر جانا لازمی نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایران سے آئے ہیں اور ان کی آئیسولئیشن میں 13 مارچ کو 14 دن ہو جائیں گے پھر ہم اسکول کھول دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جائزہ لینے کے لیے پانچ ہزار کٹس منگوالی ہیں، ٹیسٹ ان کا ہوگا جنہوں نے ایران اور چین کا سفر کیا ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر طفر مرزا نے آج کورونا وائرس کے پانچویں مریض کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کا تعلق فیڈرل ایریا سے ہے تاہم اس کی حالت بہتر ہے اور اُس کی بہترین نگہداشت ہو رہی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا سے گزارش کی کہ وہ مریض کا نام اور اس کے خاندان کے بارے میں معلومات نہ دیں۔ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں