کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں زیر تعمیر پل کے نیجے نصب کیے گئے بارودی مواد سے دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک مزدور شدید زخمی ہوگیا۔
یہ واقعہ نوتال کے علاقے پتافی موڑ کے قریب پیش آیا جس کے دوران حق نواز نامی شخص زخمی ہوا جسے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ: گیس لیکِج کے باعث دھماکہ، دو بچے جاں بحق
ذرائع کے مطابق مزدور زیر تعمیر پل پر کام کررہا تھا کہ نصب بارودی مواد پر پیر رکھنے سے دھماکہ ہوگیا۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں حادثاتی طور پر ہونے والے دھماکے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ گزشتہ ماہ کوئٹہ میں گیس لیکج کی باعث دھماکہ جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق اور ایک خاتون سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ :مشرقی بائی پاس پر میڈیکل اسٹور کے سامنے دھماکہ ،2 افرادجاں بحق،13زخمی
اس سے قبل کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی کے باعث ماہ جنوری میں 13 دھماکے ہوئے جس میں 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
کچھ روز قبل کوئٹہ میں افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مغربی بائی پاس پر گیس ٹینکر دھماکے کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔
مغربی بائی پاس پر رات گئے گودام میں کھڑے ایل پی جی ٹینکر میں دھماکے سے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔
اندھیرا اور گیس زیادہ ہونے کے باعث گودام میں کھڑے ٹینکر میں امدادی کارروائیوں کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔