پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے سزا سے نہیں بچ پائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے میں قانون کی عمل داری یقینی بنائے گی اور ہنگامہ آرائی اور تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانون اپنا راستہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، مریضوں اور ان کے لواحقین پر تشدد اور اسپتال میں توڑ پھوڑ کسی صورت قابل برداشت نہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین پر تشدد کرکے بدترین فعل کا ارتکاب کیا۔

انہوں نے بتایا کہ دل کے اسپتال میں وکلاء کی ہنگامہ آرائی کے افسوسناک واقعے کی انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے، کیمروں کی مدد سے ذمہ داروں کی نشاندہی کا عمل شروع کردیاگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بروقت علاج نہ ہونے سے تین مریضوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں لواحقین کے ساتھ ہیں۔


متعلقہ خبریں