سینیٹ انتخابات، ووٹنگ تین مارچ کو ہوگی


اسلام آباد: سینیٹ کی خالی ہونے والی 52 نشستوں پر انتخابات تین مارچ کو ہورہے ہیں۔ سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ، خواتین اور غیر مسلم نشستوں کے لئے اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار کامیاب تصور ہوگا۔

سینیٹ آف پاکستان کا انتخاب تناسب کی بنیاد پر ہوتا ہے ۔ چاروں صوبوں کی اسمبلیوں میں ہونے والی پولنگ میں سندھ اور پنجاب سے 12، 12 جب کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ سینیٹ کی فاٹا کے لیے چار جنرل نشستوں اور وفاقی دارالحکومت کی ایک جنرل اور ایک ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے ۔ وفاقی دارالحکومت کی دونشستوں کے لیے 5 امیدوار مدمقابل ہیں ۔ جب کہ جنرل نشست پر 3 اور ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے دو امیدوار میدان میں ہیں ۔

فاٹا کی خالی ہونے والی سینیٹ کی چار جنرل نشستوں کیلئے الیکٹرول کالج قومی اسمبلی میں فاٹا کے 12 ارکان ہوں گے ۔ سینیٹ کی فاٹا کیلئے چار نشستوں پر 24 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔

خیبر پختونخوا کی اسمبلی کے 124 ارکان سینیٹ کے گیارہ امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سے سینیٹ کی سات جنرل، دو ٹیکنو کریٹ اور دو خواتین کی نشستوں پر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ایک امیدوار کو کامیابی کےلئے 18 ووٹ پہلی ترجیح میں حاصل کرنا ضروری ہوں گے۔

بلوچستان اسمبلی کے 65 ارکان اپنے صوبے سے گیارہ سینیٹروں کو منتخب کریں گے۔ بلوچستان سے سینیٹ کی سات جنرل، دو ٹیکنو کریٹ اور دو خواتین کی نشستوں پر 25 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی سے جنرل نشست پر ایک امیدوار کو کامیابی کے لئے دس ووٹ پہلی ترجیح میں حاصل کرنا ہوں گے۔

صوبہ سندھ سے صوبائی اسمبلی کے 168 ارکان 12 سینیٹرز منتخب کریں گے۔ جن میں سات جنرل، دو ٹیکنو کریٹ، دو خواتین اور ایک غیر مسلم نشست پر 33 امیدوار میدان میں ہیں۔  سندھ سے سینیٹ کی جنرل نششت کے امیدوار کو اپنی کامیابی کے لئے 24 ارکان کے ووٹ درکار ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی کے 371 ارکان سینیٹ کی 12 نشستوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پنجاب سے سینیٹ کی سات جنرل، دو ٹیکنو کریٹ، دو خواتین اور ایک غیر مسلم نشست پر انتخاب ہوگا۔ پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر امیدوارکو کامیابی کے لئے 53 ووٹ پہلی ترجیح میں درکار ہوں گے ۔ پنجاب میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 20 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔


متعلقہ خبریں