سیاحوں کے لئے خاص مقامات میں اہم اضافہ، صحرا میں آباد گلابی شہر


جے پور: دنیا بھر کے سیاح ان دنوں خوبصورت پہاڑی مقامات اور سر سبز وشاداب میدانوں کے بجائے صحرا کا رخ کر رہے ہیں۔ بھارتی ریاست راجھستان کا گلابی شہر دنیا بھر کے سیاحوں کے پسندیدہ مقامات میں سے ایک بن رہا ہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ پاکستانی شہر بہاولپور کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔

راجستھان کے دارالحکومت جے پور کو اس کی تعمیرات میں استعمال ہونے والے گلابی رنگ کے پتھر کی وجہ سے گلابی شہر کہا جاتا ہے۔ 2008 میں شہر کو ایشیاء کا ساتواں بڑا سیاحتی مرکز قرار دیا گیا۔

1876 میں جب برطانوی شاہی خاندان نے برصغیر کو دورہ کیا۔ اس وقت جے پور کے مہاراجہ رام سنگھ نے ملکہ وکٹوریا کے استقبال کے لئے شہر کو گلابی رنگ میں رنگ دیا۔

قدیم روایتوں کے مطابق گلابی رنگ کو مہمان نوازی کا رنگ بھی کہا جاتا ہے اس لئے آج بھی ہندو عام دنوں کے علاوہ شادیوں میں بھی گلابی پگڑیاں پہنتے ہیں۔

گلابی شہر کا نام 1727 میں دریافت کرنے والے مہاراجہ جے سنگھ کے نام پر رکھا گیا۔ جے سنگھ کوفلکیات، ریاضی اور مابعد الطبعیات سے گہری دلچسپی تھی۔ مہاراجہ جنگ کے پیش نظر شہر کو دفاعی لحاظ سے بھی مضبوط دیکھنا چاہتا تھا۔

مہاراجہ جے سنگھ

مہاراجہ جے سنگھ نے طویل مشاورت کے بعد ایک برہمن بنگالی ماہرِ تعمیرات ودیادھر چکرورتی کو یہ ذمہ داری سونپی۔

ودیادھر چکرورتی نے مہاراجہ کی خواہشات کو مد نظررکھتے ہوئے شہر کونو حصوں میں منقسم کیا۔ دو حصے شاہی عمارات اور محلات  جب کے باقی سات عوام کے لیے مخصوص کئے گئے۔

تمام عمارات کے بیچوں بیچ یعنی وسط شہر میں شاہی محل تعمیر کیا جس کے گرد سات دروازوں والی ایک مضبوط فصیل ہے۔

شہر کا بنیادی ڈھانچہ دھات اور سنگ مرمر سے بنایا گیا اور تقریبا چار سال میں مکمل ہوا.

قدیم عمارتوں میں راج محل، ہوا محل، قلعہ جے گڑھ، جنتر منتر، جل محل، البرٹ ہال میوزیم، گووند دیو جی مندر، لکشمی نارائن مندر، باغ رام نواس وغیرہ شامل ہیں۔ جے پور سیاحوں کے لیے بے پناہ کشش رکھتا ہے.

جے پور راجھستان کی سب سے بڑی اورایک نوابی ریاست مانی جاتی تھی۔ ریاست میں قدیم شاہی محل اور قلعے آج بھی شہر کی خوبصورتی کو چار چاند لگاتے ہیں۔ پرشکوہ قلعے اور حویلیاں، خوبصورت عبادت گاہیں اور دل موہ لینے والی ثقافت سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔

بالی وڈ فلم “شدھ دیسی رومانس” اسی شہر میں فلمائی گئی ہیں۔ فلم کے ایک گانے کے بول شہر کی خوب عکاسی کرتے ہیں۔

شام گلابی، سحر گلابی

پہر گلابی ہے، گلابی یہ شہر

جے پور کی تصاویر سے سیاحت کے شوقین افراد اس گلابی شہر کو دیکھنے کے لئیے دنیا بھر سے آتے ہیں۔ مگر بھارت کے راجھستانی جے پور کے مقابلے میں پاکستان کا چولستانی بہاول پور کسی صورت بھی کم نہیں ہے۔ یقین نہیں آتا تو زیل میں محلات کے شہر بہاول پور کی کچھ تصاویر دی گئی ہیں۔

دربار محل
نور محل
محل صادق گڑھ

انتظامیہ کی توجہ اور حکومت کی کاوشوں سے محلات کا شہر بہاول پور خوبصورت سیاحتی مرکز کے طور پر گلابی شہر جے پور کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں