نیازی صاحب حقائق کو نہیں جھٹلا سکتے، ترجمان پنجاب حکومت


لاہور: ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے عمران خان کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” نیازی صاحب حقائق کو نہیں جھٹلا سکتے، ملتان میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے چینی کمپنی یابیت پہلے ہی معافی مانگ چکی ہے۔”

انہوں نےمزید کہا کہ چائنہ سیکیورٹی ریگولیٹری کمیشن (سی ایس آر سی) نے یابیت کمپنی کو بلیک لسٹ کرکے جرمانہ کیا ہے۔

پیر کو دیے گئے بیان میں ملک احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان مسلسل جھوٹ بولنے کی بجائے اپنی کارکردگی بتائیں۔

ترجمان پنجاب حکومت نے یہ بھی کہا کہ جھوٹ پی ٹی آئی سربراہ کی رگ رگ میں بس چکا ہے، ان کی ذہنی حالت قابل ترس ہے۔ خیبرپختونخوا (کے پی) میں عمران کی کارکردگی صفرجمع صفر ہے۔

ملک احمد کے مطابق ”سرکاری افسران پر بے بنیاد الزامات ان کی ذہنی پستی کے عکاس ہیں۔ نیازی صاحب خاطر جمع رکھیں، 2018 کےانتخابات میں شکست ان کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔”

ملک احمد خان نےعمران کےاس بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نےکہا تھا کہ شہباز شریف کو پکڑنے والے ہم نہیں بلکہ چینی ادارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان میٹرو میں بدعنوانی سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف گواہی دینے پر فیصل سبحان کوغائب کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصل سبحان نے چین کے سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن کو دیئے گئےانٹرویو میں بتایا تھا کہ ملتان میٹرو کا پیسہ شریف خاندان کے پاس جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں