پی ایس ایل میچ کے دوران پی ٹی وی اسپورٹس تنقید کا نشانہ بن گیا


اسلام آباد: پاکستان میں سرکاری ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے اسپورٹس چینل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے پہلے میچ میں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

جمعرات کو پی ایس ایل کے اولین میچ میں پی ٹی وی اسپورٹس کی جانب سے شائقین کرکٹ سے مختلف سوالات پوچھے جا رہے تھے۔ میچ کے دوران ٹیلی ویژن اسکرینز پر دکھائے جانے والے سوالات کے مختصر جوابات بھی آپشنز کی صورت بتائے جاتے رہے۔

اس دوران ایک سوال پوچھا گیا کہ پاکستان میں کتنے لوگوں کو فعال ٹوائلٹ (پاخانے) تک رسائی حاصل نہیں ہے؟

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس سوال کی اسکرین شاٹس شئیر کرتے ہوئے صارفین نے غم و غصہ کا اظہار کیا۔

ایک ٹوٹر صارف نے لکھا کہ یہ ملک کا بہتر امیج پیش کرنے کا موقع ہے نا کہ اس طرح کے احمقانہ سوال پوچھنے کی جگہ۔

ایک اور ٹوٹر صارف نے لکھا کہ پی ایس ایل کو استعمال کرتے ہوئے منفی چیزیں پھیلانے پر آپ کو شرم آنی چاہئے۔ یہ ایک غیر متعلق سوال ہے۔

پی ایس ایل تھری کے افتتاحی میچ پر پی ٹی وی نشریات کا ایک منظر

پی ایس ایل تھری کے میچز پہلی بار بھارت میں لائیو نشر کئے جا رہے ہیں۔ جب کہ برطانیہ و یورپ سمیت متعدد ممالک میں مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کا یہ ایونٹ براہ راست دکھایا جا رہا ہے۔

ہم نیوز کی جانب سے پی ایس ایل تھری کے تمام میچز کے دوران شائقین کرکٹ کو اردو اور انگریزی زبانوں میں لائیو اپ ڈیٹس فراہم کی جاتی ہیں۔

جمعرات 22 فروری کو کھیلے گئے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو پہلی بار ٹورنامنٹ میں شریک ٹیم ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


متعلقہ خبریں